منگلورو26؍جنوری (ایس او نیوز)70ویںیوم جمہوریہ کے موقع پر نہرو میدان میں پرچم کشائی کے بعد خطاب کرتے ہوئے جنوبی کینرا ضلع انچارج وزیر یوٹی قادر نے کہا کہ دیش کی ترقی و تعمیر میں کسانوں، مزدوروں،عورتوں، مردوں، نوجوانوں اور فوجیوں نے اپنا اپنا کردار اداکیا ہے۔ اوریہ سب اس لئے ہوا ہے کہ ہندوستان کا دستور ہر فرد اور طبقے کے لئے یکساں حقوق اور مواقع عطاکرتا ہے۔
یو ٹی قادر نے کہا کہ ’’ آج کے دن ہمارا دستور ملک پر لاگو کیا گیاتھا۔جس سے ہندوستانی عوام کے خوابوں کو تعبیر مل گئی ہے۔ان کی زندگیوں کا معیار بلندہوا اور ان کی قدر و قیمت بڑھ گئی۔‘‘اس لئے ملک کے دستور، سالمیت اور اتحاد کی حفاظت کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
اس موقع پر امسال کوڈاگو ضلع کے جوڈوپالا المیہ کے وقت اپنی جان پر کھیل کر لوگوں کی جان بچانے والے ہوم گارڈ عملے سے منسلک عبدالغفور، ریزرو پولیس کے سب انسپکٹر گنیش، سولیا کے پولیس سب انسپکٹر منجو ناتھ، فائر بریگیڈ کے ٹی ایچ شیوا شنکر اور کوسٹ گارڈ کے پردیپ کی بے لوث خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے وزیر یوٹی قاد ر کے ہاتھوں سے تہنیت کی گئی۔اس کے علاوہ بہترین خدمات انجام دینے والے سرکاری عملے سے متعلق سلور میڈل ایوارڈ کے ایس آر ٹی سی کے 6ڈرائیورس کو پوری طرح محفوظ ڈرائیونگ کے لئے دیا گیا۔ مختلف اسکولوں اور کالجوں کو طلبہ نے تفریحی و ثقافتی پروگرام پیش کیا۔
اس موقع پرلیجس لیٹو کاونسل کے اسپیکرکے پرتاپ چندراشیٹی مہمان خصوصی رہے۔ اس کے علاوہ منگلورو میونسپل کارپوریشن کے میئر بھاسکر، ضلع ڈی سی سسی کانت سینتھل، منگلورو سٹی پولیس کمشنر ٹی کے سریش، ایم ایل سی ہریش کمار، ایوان ڈیسوزا اور دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔